ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مصر: اسپتال میں آگ سے کووِڈ-19 کے سات مریض جھلس کر ہلاک

مصر: اسپتال میں آگ سے کووِڈ-19 کے سات مریض جھلس کر ہلاک

Sun, 27 Dec 2020 18:09:55  SO Admin   S.O. News Service

قاہرہ 27دسمبر (آئی این ایس انڈیا)مصر میں ایک اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں آتش زدگی کے نتیجے میں کروناوائرس کے سات مریض جھلس کرچل بسے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق قاہرہ سے شمال مشرق میں واقع شہر العبور میں ہفتے کے روز ایک نجی اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔اس سے انتہائی نگہداشت کا یونٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا ۔آگ سے پانچ اور مریض جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں۔

امدادی عملہ نے اسپتال میں لگی آگ پر قابو پالیا ہے۔زخمیوں اور اسپتال میں زیرعلاج مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس اور پراسیکیوٹرز اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

سرکاری روزنامہ الاہرام نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسپتال میں آگ بجلی کے شارٹ کٹ سے لگی تھی۔

واضح رہے کہ مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ میں جون میں ایک نجی اسپتال کے کرونا وائرس کے وارڈ میں آگ لگ گئی تھی جس سے سات مریض ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔مئی میں قاہرہ میں کروناوائرس کے مریضوں کے لیے مختص وارڈ میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

دریں اثناء مصر میں کرونا وائرس کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو گیا ہے اور حکومت نے کووِڈ-19 کے مریضوں کے علاج کے لیے مختص اسپتالوں کو دوبارہ کھول دیا ہے۔

مصر کی وزارت صحت نے جمعہ کو کووِڈ-19 کے 1113 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی تھی اور پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 49 مریض وفات پا گئے تھے۔ مصر میں اب تک کووِڈ-19 کے 130126 کیسوں کی تشخیص ہوچکی ہے۔ان میں سے 7309 مریض وفات پا گئے ہیں۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ عرب دنیا کے سب سے گنجان آباد ملک میں کرونا وائرس کے کیسوں کی حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ مصر میں پی سی آر ٹیسٹ کی محدود صلاحیت ہے۔اس ملک کی کل آبادی دس کروڑ سے زیادہ ہے۔


Share: